پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کے قریب پاک افغان سرحد پر دہشت گردوں نے فوجی قافلے پر حملہ کردیا ، دہشت گردوں کے حملے میں 7فوجی شہید ہوئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں چار دہشت گرد بھی ہلاک ہو گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والوں میں حوالدار طارق یوسف، سپاہی سلیمان وقاص، سپاہی جنید علی، سپاہی اعجاز حسین، سپاہی وقار احمد، سپاہی محمد جواد امیر اور سپاہی ارشد علی شامل ہیں۔ISPR کے مطابق فوجی قافلے پر حملہ شمالی وزیرستان کے علاقے ایشام میں کیا گیا، دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ پاک فوج دہشتگردی کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہاہے کہ پاک افغان سرحد پر دہشتگردوں کا پاکستانی فوج کے قافلے پر حملہ قابل مذمت ہے، ایسے واقعات امن کے لئے سنگین خطرہ ہیں ،دہشتگردی کا خاتمہ کرکے دم لینگے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے شمالی وزیرستان کے علاقے ایشام میں فوجی کافلے پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے7فوجیوں کی شہادت پر اظہار تعزیت کیاہے ۔
انہوں نے کہاکہ پاک افغان سرحد پر دہشت گردوں کا پاکستانی فوج کے قافلے پر حملہ قابل مذمت ہے۔ ایسے واقعات امن کے لئے سنگین خطرہ ہیں ۔ وزیراعظم نے کہاکہ حوالدار طارق یوسف، سپاہی سلیمان وقاص، سپاہی جنید علی، سپاہی اعجاز حسین، سپاہی وقار احمد، سپاہی محمد جواد امیر اور سپاہی ارشد علی کو جام شہادت نوش کرنے پر خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔میں دہشت گردوں کے خلاف جرات و شجاعت کا مظاہرہ کرنے والے قوم کے بیٹوں کو سلام پیش کرتا ہوں ۔وزیراعظم نے شہدا کے بلندی درجات اور اہل خانہ کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ۔ وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیاکہ ہم دہشت گردی کا خاتمہ کرکے دم لیں گے۔پاک افغان سرحد پر دہشت گردوں کا پاکستانی فوج کے قافلے پر بزدلانہ حملے پوری قوم سراپا احتجاج اور شہدا کے غم میں سوگوار ہے۔پاک فوج کے جوان وطن عزیز کے دفاع و سلامتی کیلئے آئے روز اپنے خون کا نذرانہ پیش کر کے مادر وطن پر فدا کاری کی نئی تاریخ رقم کر رہے ہیں۔
شمالی وزیرستان میں دہشت گردی کی تازہ ترین خونچکاں واردات میں بھی فوجی قافلے پر دہشت گردو ں نے فوجی کارواں پر چھپ کر اچانک حملہ کیا، پوری قوم دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں شہید ہونے والے فوجی جوانوں کو کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔پاک وطن کے جیالے شہداء نے اپنے لہو کاخراج دے کر دھرتی کی حفاظت کا حق ادا کیاہے اور ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ دہشت گردوں کے حملے ہمارے جوانوںکے بلند حوصلے کو پست نہیں کر سکتے۔ پاک فوج اپنے وطن کے دفاع اور استحکام کے لئے ایک عرصہ سے حالت جنگ میں ہے اور آئے روز ہماری بہادر افواج کے جوان دھرتی ماں پر قربان ہو رہے ہیں مگر بد قسمتی سے دوسری جانب وطن عزیز کے سیاسی حالات کی وجہ سے پاک افواج کے خلاف سوشل میڈیا پر شرمناک گھنائونا پراپیگنڈا بھی جاری ہے جس پر پوری قوم سراپا احتجاج ہے اور ملک کے تمام سیاسی و مذہبی قائدین پر بھی لازم ہے کہ وہ اپنے اپنے جنونی کارکنوں کی شرمناک روش کا جاری سلسلہ بند کرائیں اور اپنی اپنی سیاسی مصلحتوںسے بالا تر ہو کر وطن عزیز کے دفاع و استحکام کیلئے اپنی اپنی ملی ذمہ داریاں پوری کریں ۔


Post A Comment:
0 comments: