مشہور تحاریر

یہ بلاگ تلاش کریں

تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.
Navigation

بریکنگ نیوز

ملتان میں جشن بہاراں


Article Tuba Khan

تحریر: طوبیٰ خان 


 موسم سرما اختتام پذیر ہو چکا ہے اور آجکل بہار کا موسم ہے۔ بہار کے موسم میں پرندوں کی چہچاہٹ، سہانا موسم اور باغوں کے دلفریب نظارے دیکھنے کو ملتے ہیں۔ سردیوں کی اداس خاموشی کے بعد بہار کا موسم بہت دلکش اور خوبصورت محسوس ہوتا ہے۔ اس موسم میں جہاں تک نظر جائے رنگ برنگے، خوشبودار اور روح کو چھولینے والے مناظر نظر آتے ہیں جو ہماری آنکھوں کو تازگی بخشتے ہیں۔ موسم بہار ایسا موسم ہے جس میں مصور ،قلم کار،ادیب شاعر، فوٹوگرافر اس موسم سے بھرپور انداز میں لطف اندوز ہوتے ہیں اور اس کے تمام رنگوں کو اپنے اندر سمونے کی کوشش کرتے ہیں۔ بہار کا موسم شروع ہوتے ہی شہر کے رنگ ڈھنگ بدل جاتے ہیں۔ سڑکوں، پارکوں، گلی کوچوں، چوراہوں تمام تر مقامات پر مختلف رنگوں کے پھول دلکش انداز میں نظر آتے ہیں۔بہار کا موسم خدا کا دیا ہوا ایک انمول تحفہ ہے جسکی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔ ہر موسم اپنے ساتھ بہت سے رنگوں کی بارات لاتا ہے جسکی خوبصورتی سے ہر عمر کا انسان متاثر ہوتا ہے۔ ہمارے قدیم تہواروں میں جشن بہاراں اور میلا چراغاں کا تہوار بہار کے موسم سے منسوب ہے۔ موسم بہار جہاں باغوں کو رونق بخشتا ہے وہاں پر حسین موسم انسانی رویوں میں خوشگوار تبدیلی پیدا کرتا ہے۔پنجاب حکومت بھی اس خوبصورت موسم کو خوبصورت انداز میں منانے اور اس میں مزید رنگ بھرنے کو تیار نظر آ رہی ہے۔

 وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے جشن بہاراں کو بھرپور انداز میں منانے کا عہد کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار نے جشن بہاراں کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ بہار کا موسم صرف موسم نہیں ایک تہوار ہے اس کو بھرپور انداز میں منانا چاہیے اس کو منانے کا مقصد آنے والی نوجوان نسل کو اپنے قومی ورثہ ملکی تہواروں، روایات سے روشناس کروانا ہے۔ وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر پنجاب بھر میں جشن بہاراں منایا جا رہا ہے۔ اسی طرح ملتان کی انتظامیہ نے بھی دوروزہ جشن بہاراں 30-31 مارچ کو منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ڈپٹی کمشنر ملتان عامر کریم خان کا کہنا ہے کہ شہر اولیاء کے باسیوں کیلئے یادگار تفریح کے مواقع فراہم کرنے کیلئے دور روزہ جشن بہاراں کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ جس سے وہ بھرپور انداز میں لطف اندوز ہو سکیں گے مزید کہا کہ PHA اور متعلقہ محکموں کو جشن بہاراں کی تیاری کا ٹاسک دے دیا ہے۔ ملتان میں ہونے والا میلہ جشن بہاراں کو شیڈول کے حساب سے دو مراحل میں تقسیم کیا گیا ہے۔ جس میں پہلے دن جشن بہاراں کی افتتاحی تقریب کا آغاز قلعہ کہنہ قاسم باغ میں ربن کٹنگ، جھومر اور فضا میں رنگ برنگے غباروں کو چھوڑ کر کیا جائے گا۔ تقریب کے آغاز میں تلاوت قرآن پاک، نعت خوانی اور ملی نغموں سے ہوگا جس کی بعد پولیس، ریسکیو، سکاوٹ اور دیگر شہری دفاع کے دستے مہمان خصوصی کو گارڈ آف آنر پیش کریں گے۔

 میلہ جشن بہاراں کے پہلے روز رنگ برنگے مہکتے خوشبودار پھولوں کی نمائش کے ساتھ ساتھ مہمان خصوصی کی تقاریر ہوں گی جس میں وہ اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔شہر اولیاء کے باسیوں کے لئے تھیٹر پرفارمنس، صوفی رقص / درویش رقص، آرٹ اینڈ کرافٹ، لوک رقص، موسیقی کے علاوہ فوڈ سٹالز ہوں گے جہاں روایتی کھانے، رنگ برنگے جیولری سٹالز سے بہار کو خوش آمدید کہا جائے گا۔ بچوں کیلئے پتلی تماشہ ، جادوگروں کے میجک شوزکا مظاہرہ کیا جائے گا نیز فیس پینٹنگ کے سٹالز بھی موجود ہوں گے۔ ادب سے گہرا لگائو رکھنے والے شائقین کیلئے ملتان ٹی ہائوس میں شاعری کی نشست کا اہتمام کیا جا رہا ہے جس میں نامور شاعر، تہذیب حافی اور افکار علوی شرکت کریں گے۔ یہ خوبصورت دن قوالی نائٹ، پر اختتام پذیر ہوگا۔اگلے روز یعنی 31 مارچ بروز جمعرات جشن بہاراں کی رنگا رنگ تقریب کا آغاز ٹیبلو پر فارمنس سے ہوگا۔جس میں ملتان بھر سے سکول، کالجز حصہ لیں گے۔ ٹیبلو پرفارمنس کا انعقاد قلعہ کہنہ قاسم باغ سٹیڈیم میں کیا جائے گا جس کی بعد نوجوانوں کیلئے میراتھن ریس Marathan Race ہوگی جو عیدگاہ سے شروع ہو کر سپورٹس کمپلیکس جا کر اختتام پذیر ہوگی۔ ملتان کی انتظامیہ کی جانب سے معذور افراد کو بھی بھرپور انداز میں جشن بہاراں کا حصہ بنایا جائے گا۔

 معذور افراد کیلئے ویل چیئر ریس کا اہتمام کیا گیا ہے جو گھنٹہ گھر میں منعقد کی جائے گی۔ میلہ میں گھوڑوں کا رقص دکھایا جائے گا اور کبڈی کے شوقین لوگوں کیلئے کبڈی میچ کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔جشن بہاراں کی اختتامی تقریب میں مہمان خصوصی، اپنی رائے کا اظہار کریں گے، محفل موسیقی جس میں نامور گلوکار ملکو اور نادیہ ہاشمی پرفارم کریں گے کا اہتمام ہوگا۔ خوبصورت ، جلوے بکھیرتا میلہ جشن بہاراں اپنی رنگینیوں کو سمیٹتا ہوا آتش بازی کے ساتھ اختتام پذیر ہو جائے گا۔

٭٭٭٭٭


Share
Banner

Faisal Aslam

Post A Comment:

0 comments: